شہرمیں سرد ی کی شدت میں اضافے سے بچوں میں خسرہ پھیلنے لگا

106

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرقائد میں سرد موسم کی شدت بڑھتے ہی خسرہ نے بچوں کو لپیٹ میں لینا شروع کردیا، طبی ماہرین کے مطابق خسرہ کی علامات میں نزلہ، بخار، کھانسی، آنکھوں میں سرخی، اور جلد پر دانے نمودار ہونا شامل ہیں، جبکہ ویکسینیشن نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ خسرہ ایک تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے جو ایک بچے سے دوسرے بچوں تک جلدی منتقل ہوتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ 9 ماہ اور ڈیڑھ سال کی عمر میں بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ اس خطرناک مرض سے محفوظ رہ سکیں۔متاثرہ بچے کو الگ تھلگ رکھنا اور وٹامن اے دینا بیماری کی شدت کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے والدین پر زور دیا ہے کہ کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔ماہر امراض اطفال ڈاکٹر لیاقت علی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ بچوں میں وائرل بیماریاں بڑھ رہی ہیں، جن میں خسرہ بھی شامل ہے۔ یہ ویکسین کے ذریعے خسرہ سے بچاؤ ممکن ہے، لیکن اگر علاج میں دیر ہو جائے تو یہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے،خسرہ کی ابتدائی علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور آنکھوں کی سرخی شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے ویکسینیشن شیڈول کا خاص خیال رکھیں۔