زرداری اور شریف خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے،شیخ وقاص

90

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو ناراض سیاسی بچہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ زرداری اور شریف خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہناتھاکہ یہ سیاسی مداری
اندرون خانہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ عمران خان ہی پاکستان کی واحد سیاسی حقیقت ہے جس نے ملکی ترقی کےلیے اپنے سکون وآرام کی قربانی دی۔انہوں نے میڈیا کوریج اور عوامی توجہ حاصل کرنے کےلیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہدف تنقید بنانے والوں کو نوازشریف اور آصف زرداری کا درباری اورسیاسی مداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان عالمی سطح کے رہنما ہیں جبکہ ان کے نقاد محض اپنے آقاﺅں کے پیادے ہیں جن کا کام بلاجواز تنقید کرنا ہے کیونکہ شریف اور زرداری جیسے کرپٹ اور پرانے سیاسی خاندانوں کا سیاسی خاتمہ قریب ہے۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ اقتدار کے لالچی افراد کا یہ اتحاد ملکی مفادات کےلیے نہیں بلکہ عمران خان کو سیاسی منظر نامے سے باہر کرنے کےلیے ہے تاہم ان کا یہ مذموم منصوبہ الٹا پڑگیا اور وہ بانی پی ٹی آئی کو سائیڈ لائن کرنے میں ناکام ہوگئے۔شیخ وقاص اکرم نے بلاول زرداری کو ناراض سیاسی بچہ قرار دیتے ہوئے مشورہ دیاکہ وہ عمران خان جیسے عالمی رہنماکی بجائے اپنی سطح کے سیاسی لیڈران کے ساتھ بحث پر توجہ مرکوز رکھیں، بدقسمتی سے زرداری کی تاریخ رہی ہے کہ وہ اپنے سیاسی طور پر ناپختہ نوجوان بیٹے کومسلم لیگ (ن) پر دباﺅ ڈالنے کے لیے استعمال کرتے ہیں تاکہ شریفوں کو نشانہ بنا کر مذاکرات میں فائدہ اٹھایا جاسکے۔