اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا‘ عمران خان

84

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے جب وہ کیسز لڑ رہے ہیں‘ڈیڑھ سال جیل کاٹی ہے اور وہ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کریں گے۔ اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے، القادر کا کیس اور توشہ خانہ ٹو اعلیٰ عدالتوں میں ختم ہو جائیں گے، القادر یونیورسٹی کیس کا فیصلہ 6 تاریخ کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے لیکن میں ہر کیس لڑوں گا‘ 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی، ان لوگوں نے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی اور جن لوگوں نے 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑی ان کے کیسز معاف کر دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف 2 مطالبات کیے ہیں، 9 مئی اور 26 نومبر کے احتجاج پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، 26 نومبر کے لاتعداد لوگ لاپتا ہیں جب کہ لال مسجد آپریشن کی طرح لاشیں دفنائی گئی ہیں‘ عمران خان بنی گالہ ہاؤس اریسٹ میں نہیں جائیں گے۔