اسلام آباد /لاہو ر(نمائندگان جسارت) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ جماعت اسلامی صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی،مقبوضہ کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرنا اور ریاست کے آزاد خطوں کے مسائل حل کرنا اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کی ذمے داری ہے،جماعت اسلامی نے ہمیشہ ریاست کے آزادخطوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے جدوجہد کی ہے،گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اورسیاسی حقوق ہوں یا آزاد کشمیرکے عوام کے مسائل ہوں جماعت اسلامی نے مرکزی حکومتوں کو متوجہ کیاہے اور کرتی رہے گی،ریاست کے آزاد خطوں کو بااختیار اور باوسائل بنا کر تحریک آزادی کشمیرکا حقیقی بیس کیمپ بنایاجائے، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے جنرل انتخابات کے موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں مداخلت سے اجتناب کریں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان کی قیادت میں مرکزی ٹیم کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے امیر جماعت کومقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورت حال،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے سیاسی حالات سے آگاہ کیا آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی جوا نہوں نے قبول کی،اس موقع پر 5فروری یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور5فروری یوم یکجہتی کشمیربھرپور طور پر منانے کا یقین دلایا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیراور گلگت میں اقتدار میں آئے گی تو مسئلہ کشمیرکے حل کے حوالے سے عملی اقدامات کرسکے گی اورساتھ ہی آزاد خطوں کے مسائل حل کرسکے گی،روایاتی پارٹی اور قیادتیں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکا م ہوچکی ہیں،آج بھارت اور اسرائیل کو مسلمانو ںکے خون بہانے کی جو شہ مل رہی ہے وہ بزدل حکمرانوں کی وجہ سے مل رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کارکن موثر انداز سے دعوت عوام تک پہنچائیں، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔