قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں‘ انتشار کی سیاست نہیں کی‘ وزیر اعظم

77
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی،پارٹی کارکنان اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کے ساتھ کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا۔شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر جاری بیان میں کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔انہوں نے کہا کہ ایک سو اٹھارہ سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔اْن کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، ن لیگ کے قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی، پاکستان کو بچانے کے لیے اپنی سیاست قربان کی اور ملکی سلامتی و معیشت کو ہمیشہ ہی ترجیح دی۔اْن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ قائد نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئی مگر اپنی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سر خرو کیا، مسلم لیگ ن کے ادوار میں ملک میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی، سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا۔اْن کا کہنا تھا کہ آج بھی ن لیگ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد کی سر پرستی میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لییمصروف عمل ہے، اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔