تبلیسی (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کے سخت ناقد میخائل کاویلاشویلی نے جارجیا کے صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا ۔ خبررساں اداروں کے مطابق کاویلاشویلی کو اس ماہ کے شروع میں پارلیمانی ووٹنگ میں حکمران جارجین ڈریم پارٹی کی حمایت سے منتخب کیا گیا تھا، جس نے اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کی تھی۔ مغرب نواز اپوزیشن جماعتوں اور سابق صدر سلوم زورابیچولی نے کاویلاشویلی کو جائز صدر تسلیم نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے انتخابات میں انتخابی خلاف ورزیاں ہوئیں۔ دوسری جانب دارالحکومت تبلیسی میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔