راولپنڈی:توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 100 سے زیادہ تحائف کی فہرست عدالت میں پیش کی گئی۔
کیس کی سماعت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت ان کے وکلا سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر، اور فیصل چودھری بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، جس میں 108 تحائف کی تفصیلی فہرست شامل تھی۔ علاوہ ازیں توشہ خانہ تحائف کے حوالے سے 2 رجسٹر بھی عدالت میں پیش کیے گئے۔
دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جسے آئندہ سماعت پر مکمل کیا جائے گا۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر آئندہ سماعت پر گواہ پر جرح کریں گے۔ اب تک کیس میں 3 گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جنوری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم توشہ خانہ سے تحائف کی خریداری اور فروخت میں قوانین کی خلاف ورزی کی۔ اگلی سماعت پر گواہوں پر مزید جرح مکمل کی جائے گی اور عدالت میں مزید شواہد پیش کیے جانے کی توقع ہے۔