آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر عوام کو تقسیم اور انتشار کی سیاست نہیں کی، وزیراعظم

110
sabotaged by spreading chaos

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  ہم نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر عوام کو تقسیم کرنے یا انتشار کی سیاست کا کبھی سہارا نہیں لیا۔

مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ 3دہائیوں سے پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم اور تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا اور آل انڈیا مسلم لیگ کے قیام کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ورثے کی روشنی میں ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا اور اصولی سیاست کو ترجیح دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی نے آمرانہ ادوار کے خلاف ڈٹ کر موقف اپنایا اور کبھی بھی عوام کو تقسیم کرنے یا انتشار کی سیاست کا سہارا نہیں لیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف کو سیاست سے باہر کرنے کی متعدد سازشیں ہوئیں، لیکن ان کی سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کے جذبے نے انہیں سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں معیشت، زراعت اور صنعت میں ترقی ہوئی، سفارتی سطح پر تعلقات مضبوط ہوئے، اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں اور عزم کی بدولت مسلم لیگ (ن) ہمیشہ حق کا علم بلند کرتی رہی۔ شہباز شریف نے یقین دلایا کہ عوام کی حمایت اور اللہ کے کرم سے مسلم لیگ (ن) ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھے گی اور عوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔