اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ کاکہنا ہے کہ ملک کو بہتر بنانے کے لیے وہ کام کرنا پڑے گاجو کبھی نہیں ہوا ہے، اگر مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) کے سربراہ نواز شریف، تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان اور پیپلز پارٹی کے آصف زرداری ساتھ مل کر بیٹھیں تو ملک کے 75 سالہ بحران کا خاتمہ 70 دن میں ہوجائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہاکہ ہر سیاسی رہنما کو ملک کی بہتری کے لیے اپنے اندر لچک پیدا کرنی ہوگی، پی ٹی آئی اگر اپنے مینڈیٹ کی بات کرتی ہے تو گزشتہ دور کی بھی بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم سیاست دانوں کو ملکی سالمیت کے لیے ساتھ بیٹھنا چاہیے لیکن اس سے غلطیوں کو تسلیم کرنا ضروری ہے، آگے بڑھنے اور مسائل کا واحد حل صرف مذاکرات ہیں۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک کسی ایک نقطہ پر سب متفق نہیں ہوجاتے، ملکی ترقی کے لیے ضروری ہےکہ سب ایک ہوکر ملکی ترقی کے لیے اپنا کردارادا کریں۔