پی ٹی آئی احتجاج پر توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

108

اسلام آباد:پی ٹی آئی احتجاج پر توہین عدالت ہونے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔

ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر دائر توہینِ عدالت کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ یہ درخواست اسلام آباد کی ایک تاجر تنظیم کے صدر کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

عدالت نے توہینِ عدالت کی درخواست 16 جنوری کو موسم سرما کی تعطیلات کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرلی۔ درخواست میں الزام ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی۔

عدالتی حکم پر سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، اور آئی جی اسلام آباد پہلے ہی جواب داخل کر چکے ہیں۔ آئندہ تاریخ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اس درخواست کی سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے کیس کو کازلسٹ میں شامل کر لیا ہے اور 16 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔