کراچی:پارہ چنار میں 44لوگوں کے جاں بحق ہونے پر مذہبی جماعت کےکراچی کے 13 مختلف مقامات پر دھرنے جاری ہیں، مذہبی جماعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی مقام پر دھرنا ختم نہیں کیا گیا ہے، مطالبات منظور ہونے تک ہر جگہ دھرناجاری رہے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذہبی جماعت کے دیے گئے دھرنوں کے مقامات میں گلستان جوہر کامران چورنگی، ابو الحسن اصفہانی روڈ، نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی، یونیورسٹی روڈ، سرجانی روڈ، انچولی، نواب صدیق علی خان روڈ، چورنگی ناظم آباد، پاور ہائوس چورنگی، مین عائشہ منزل اور کورنگی نمبر ڈھائی شامل ہیں۔
دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ دھرنے کے شرکا کے تعاون سے شہر کی بیشتر سڑکوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری ہے، دھرنوں کے مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔