اسلام آباد:اسلامی نظریاتی کونسل نے سوسائٹی ایکٹ میں ترمیم اور مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کے اجرا کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کا کہنا ہے کہ اس نئے آرڈیننس کے ذریعے اب ڈائریکٹر جنرل آف ریلیجیس ایجوکیشن (آر ای) میں رجسٹرڈ مدارس کو قانونی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدرسہ رجسٹریشن پر جو اختلافات تھے، ان کو اس نئے آرڈیننس کے ذریعے ہی ختم کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ نئے اور پرانے بورڈ کے مدارس کو رجسٹریشن کے لیے کسی بھی ادارے کا انتخاب کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔
ڈاکٹر نعیمی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کے معاملات کو انتہائی احتیاط سے حل کیا ہے اور اس سے 18,600 سے زائد مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ وہ پہلے ہی ڈائریکٹر جنرل آف ریلیجیس ایجوکیشن میں رجسٹرڈ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو مدارس کسی بھی جگہ رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان کے لیے اب فیصلہ کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس معاملے کو مستقل حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب اس پر مزید سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔