حکومت مذاکرات کسی فرد یا جماعت کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے مفاد میں کر رہی ہے: عرفان صدیقی

151

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کسی فرد یا جماعت کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے مفاد میں کر رہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے ترجمان اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ بڑی کامیابی ہے کہ دونوں فریقین مذاکرات پر آمادہ ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اچھے نتائج تب ہی سامنے آتے ہیں جب مختلف فریق ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں، چائے پیئیں اور کھل کر گفتگو کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی نے اب تک ماضی کی تلخ یادوں کو پس پشت ڈال دیا ہے، اور ابھی تک کسی چارٹر آف ڈیمانڈ پر اتفاق نہیں ہو سکا، ہمارا مقصد کسی فرد یا جماعت سے نہیں، بلکہ پورے ملک کے مفاد میں مذاکرات کرنا ہے۔

عرفان صدیقی نے میثاق جمہوریت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ طے پایا تھا اور بعد میں عمران خان بھی اس پر متفق ہوئے تھے۔ دہشت گردی کی لہر سے خیبرپختونخوا شدید متاثر ہے اور اس پر تمام فریقین کا اتفاق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے، اور نواز شریف نے اپنی پہلی تقریر میں بھی اس بات کا ذکر کیا تھا کہ مسائل کا حل بات چیت میں ہے۔