راولپنڈی: رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازش پر نظر رکھنی ہے،پاکستان کو شام اور عراق ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے،سول نافرمانی کی باتیں بہت پرانی ہیں، آئی ایم ایف کو بھی خطوط لکھے گئے تھے، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت گامزن ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ابسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکا کے پاوں پڑ رہے ہیں، یہ کہا کرتے تھے “ہم کوئی غلام ہیں”۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 3 بار اسلام آباد پر حملے کیے، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا، 9 مئی، 26 نومبر کے منصوبہ ساز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں سے پریس کانفرنس کروائی گئی ان کو بھی کٹہرے میں لایا جائے، پختون کارڈ کھیلنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کیخلاف سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہوگا، پریس کانفرنس کروا کر جنہیں چھوڑا گیا وہ بھی 9 مئی کے منصوبہ سازوں میں شامل ہیں۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام اس قوم کا ہے اور ملک کیخلاف سازش پر نظر رکھنی ہے۔ پاکستان کو شام اور عراق ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے، بڑے عرصے سے سول نافرمانی کی بات ہورہی ہے، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج اور امداد نہ دینے کے خطوط لکھے گئے جبکہ لابنگ فرم ہائر کے کانگریس مین کے ذریعے حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔