بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان پوچھ رہے ہیں مجھے ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے جب میں کیسز لڑ رہا ہوں، اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے لیکن میں ہر کیس لڑوں گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بنی گالہ ہاؤس میں گرفتاری کے لیے نہیں جائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے دو مطالبات پیش کیے ہیں، جن میں 9 مئی اور 26 نومبر کے احتجاج کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے، 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی۔