پشاور (صباح نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے حوالے سے وکٹ کے دونوں طرف نہ کھیلے، اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو اپنے وزرا کو غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے روکے۔ اپنے بیان میں شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ہم گھاس نہیں کھاتے، مذاکرات کے نام پر دھوکا نہیں کھائیں گے، حکومت مذاکرات
چاہتی ہے تو اپنا ہاؤس ان آرڈر کرے، کھل کر بتائے مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں، آدھا تیتر آدھا بٹیر نہیں چلے گا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ہم حکومت سے مذاکرات ملکی مفاد میں کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے حکمرانوں سے کوئی این آر او نہیں مانگا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور فیصل کریم کنڈی کے بیانات سمجھ سے بالاتر ہیں، لگتا ہے دونوں کی عقل چھن گئی ہے، حکومت کو ان کے علاج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔