حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ صحت کے شعبہ پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے لیکن افسوس کہ پسماندہ و گنجان علاقوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ دو لاکھ سے زائد آبادی والے علاقے میں کوئی سرکاری ڈسپنسری تک نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی نے بھائی خان ویلفیئر تعلقہ لطیف آباد کی جانب سے گجراتی پاڑہ میں چکن گونیا، ڈینگی ملیریا و دیگر امراض سے متعلق ایک روز مفت طبی کیمپ کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ویلفیئر کے سرپرست اعلی حاجی محمد اقبال قریشی، سرپرست حاجی اشرف عباسی ،بانی و جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین آرائیں،بانی یوتھ ویلفیئر سوسائٹی سید فہیم ،سچل سرمست ٹائون یو سی89کے چیئرمین انور عباس،میاں سرفراز ٹائون یو سی 32کے چیئرمین اظہر شیخ اور حاجی محمد اسماعیل شیخ کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ گلشن حامد، گلشن رئیس، ٹنڈو یوسف ،گجراتی پاڑا ور اس سے ملحقہ علاقوں سے علاج کیلیے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔کیمپ میں بچوں و بڑوں کے ماہر امراض کے ڈاکٹر محمد دانش خان نے 300سے زائد مریضوں کا معائنہ اور ان میں مفت ادویات تقسیم کی ۔صابر حسین قائمخانی نے مزید کہا کہ بھائی خان ویلفیئر بلا امتیاز لوگوں کی فلاح بہبود کے لیے کام کر رہی ہے جو کہ قابل ستائش ہے، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے پر یقین رکھتی ہے اور ان علاقوں میں جلد ہی ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے جبکہ گیس کے مسائل بھی حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔اس موقع پر ویلفیئر کے سرپرست اعلی حاجی محمد اقبال قریشی، سرپرست حاجی اشرف عباسی، تعلقہ چیئرمین عبدالحمید مٹھو اوربانی و جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین آرائیںنے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنی مدد اپ کے تحت ان پسماندہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ اس لیے لگا رہے ہیں کہ یہاں کے لوگوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔