سکھر (نمائندہ جسارت) قومی شاہراہ پر گنے سے بھری اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالی اکثر و بیشتر خطرناک روڈ حادثات اور دوسروں کیلیے پریشانی کا باعث ہوتی ہیں، موٹروے پولیس سیکٹر ون سکھر کی جانب سے ڈہرکی شوگر مل میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایس پی عبدالرزاق تھے سیمینار میں مل انتظامیہ۔ کاشتکاروں سمیت ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک ڈرائیوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی ایس پی موٹروے پولیس بیٹ 25 محمد ہمایوں برکی نے روڈ سیفٹی سے متعلق شرکا کو آگاہی دی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی موٹروے پولیس نے کہا کہ قومی شاہراہ پر گنے سے بھری اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالی اکثر و بیشتر خطرناک روڈ حادثات اور دوسروں کیلیے پریشانی کا باعث ہوتی ہیں لہذا ٹریکٹر ٹرالی میں حد سے زیادہ اور بے ترتیب گنا لوڈ نہ کیا جائے ٹریکٹر ٹرالی کے آگے اور پیچھے لائٹ کا ہونا انتہائی ضروری ہے جبکہ دھند کے اوقات میں فوگ لائٹ کا استعمال بھی ضروری ہے اس کے علاوہ حادثات سے بچاؤ کے لیے قومی شاہراہ پر انتہائی بائیں جانب سفر کرنا چاہیے اور ٹریکٹر ٹرالی کا فٹ ہونا ڈرائیوروں کے پاس لائسنس ہونا بھی لازمی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ منعقدہ سیمینار میں شرکا میں روڈ سیفٹی کی معلومات پر مبنی پمفلٹس بھی تقسیم کرنے سمیت شرکا سے روڈ سیفٹی سے متعلق سوالات کیے گئے درست جوابات دینے والے شرکا میں موٹروے پولیس کی جانب سے ایس پی موٹروے پولیس نے انعامات بھی تقسیم کیے۔