ٹنڈوآدم ( نمائندہ جسارت )اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے استقامت حکمت و دانش مندی تقوی اور بے لوث جدوجہد سے ہر معرکہ سر کیا آج کے دور کے چیلجیز کو بھی اسی کردار و فکر سے نمٹا جاسکتا ہے یہ ہمارے لئے انتہائی مسرت اور شکر کی بات ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے قیام کو 77 سال مکمل ہوگئے ہیں اور جمعیت نے یہ سفر تقوی استقامت ، مسلسل جدوجہد اور صبر و استقلال کے ساتھ طے کیا۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ برادر عمیر شامل لاکھو ، ناظم ڈویژن حماد اللہ مجاہد ، امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم سید عریف اللہ ، ضلعی ناظم بلال احمد کمبوہ اور مقامی ناظم ساجد قریشی نے کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کچھ سابقین جمعیت بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنان جمعیت نے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے ناظمین کا استقبال کیا۔ مقررین نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ لاکھوں طلبہ کی محسن جماعت ہے جو نوجوانوں کی زندگیوں کو بامقصد بنانے اور دین متین کے ساتھ جوڑنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ اس موقع پر سابق نظم اسلامی جمعیت طلبہ ٹنڈوآدم انصر سندھو کی وفات پراور تحریک تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی دعا کی گئی۔