نیو ائر نائٹ، پنجاب پولیس کا امن و امان کیلیے سیکورٹی پلان مکمل

200

لاہور ( آئی این پی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی پلان مکمل کر لیا ۔ آئی جی پنجاب نے نیو ائیر نائٹ پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیکورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نیو ائیر نائٹ پر 395 انسپکٹرز، 1125 سب انسپکٹرز، 2060 اے ایس آئیز، 1310 ہیڈ کانسٹیبلز اور 18759 کانسٹیبلز و دیگر اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ لاہور میں 05 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی۔ ہلڑ بازی، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے والے شرپسند عناصر حوالات جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے نیوز ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس، پی ایچ پی ٹیمیں سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھائیں۔ لاہور سمیت تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔ گذشتہ سال کے ریکارڈیافتہ ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ کے ملزمان سے ضمانتی مچلکے لیے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کریں۔