پی آئی اے میں ریفرنڈم‘ تنخواہوں اور پنشن کے معاملات

103
پیپلز یونٹی کے دفتر کے دورے کے موقع پر پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان کے ساتھ گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سرفراز حیدر

31 دسمبر 2024ء کو PIA میں سودا کار ایجنٹ کے تعین کے لیے ریفرنڈم ہورہا ہے۔ تین یونینز حصہ لینے والوں میں نمایاں ہیں۔ پیپلز یونٹی، ایئر لیگ اور یونائٹیڈ۔ پیاسی یونین میدان میں نظر نہیں آرہی ہے۔ یونائٹیڈ گروپ نے ایئرلیگ کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز یونٹی اس وقت CBA ہے۔ پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان کی دعوت پر گورنر KPK فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سرفراز حیدر نے یونٹی کے دفتر کا دورہ کیا۔ دوسری طرف پرائیویٹائزیشن (نجکاری) کمیشن نے PIA انتظامیہ سے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ PIA بورڈ نے 25 فیصد اضافے کی منظوری دی ہوئی ہے۔ ادھر پیارے (پی آئی اے ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن) نے بھی PIA انتظامیہ اور نجکاری کمیشن اور سیکرٹری ایوی ایشن سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انصاف کے تقاضوں اور PIA پنشنرز کی حالت زار کو مدنظر رکھتے ہوئے پنشن میں فوری اور مناسب اضافہ کیا جائے۔ پیارے کے ترجمان کے مطابق PIA نے اپنے سرکلر 21/2003 مورخہ 31 جولائی 2023ء میں یہ اعلان کیا ہوا ہے کہ جب بھی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے گا مگر اس پر عمل نہیں کیا جاتا۔ گزشتہ 20 سالوں میں پنشن میں صرف 4 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پورے ملک میں PIA میں سب سے کم پنشن ہے جبکہ PIA پنشن فنڈ ٹرسٹ میں خاصی رقم موجود ہے۔ صدر پیارے سید طاہر حسن اور سینئر نائب صدر پرویز فرید، سیکرٹری جنرل محمد اعظم چوہدری اور کیپٹن (ر) شیخ نجم الغنی آرگنائزنگ سیکرٹری نے چیئرمین PIA اسلم آر خان نئے CEO خرم مشتاق اور CHRO اطہر حسین سے ملاقات کرکے یادداشت پیش کی ہے۔