الریاض: معروف شاعرشاہد خیالوی تخیل ادبی فورم کےنئےصدرمنتخب

101
یوسف علی یوسف اور دیگر ارکان خطاب کر رہے ہیں

سعودی عرب میں معروف اور فعال ادبی تنظیم تخیل ادبی فورم کے تمام عہدیدران کی آئینی مدت مکمل ہونے پر تخیل کے بانی ارکان پہ مشتمل کور کمیٹی کا اجلاس تخیل مرکز پرمنعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تخیل کے سرپرست اعلیٰ منصورمحبوب جبکہ یوسف علی یوسف، صابر امانی، محسن رضا سمر، شاہد خیالوی اور راشد محمود نے بطور کمیٹی ارکان شرکت کی۔ اجلاس میں اگلے تین سال کے لئے مجلس عاملہ اور نئے عہدیدران کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔ ریاض سے عابد شمعون چاند، پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے مطابق متفقہ فیصلے کی بنیاد پر معروف شاعر شاہد خیالوی کو تخیل کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا جبکہ دیگر عہدیداران میں فیصل اکرم گیلانی اور منظر ہمدانی نائب صدور، راشد محمود جنرل سیکرٹری، انجینئر راشد منہاس سیکرٹری تعلقات عامہ، یاسر یونس سیکرٹری خزانہ اور سید عبدالرافع سیکرٹری آئی ٹی کے طور پرذمہ داریاں سونپی گئیں۔ علاوہ ازیں مشاورتی کمیٹی ازسرِ نو تشکیل دی گئی جن میں معروف ماہرتعلیم اورادبی شخصیات شامل ہیں۔ ان میں معروف شاعر شوکت جمال ، پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ ، پروفیسراقبال اعجازبیگ اور پروفیسرگوہر رفیق شامل ہیں۔ میڈیا کمیٹی میں معروف صحافی مرکزی چیئرمین پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم عابد شمعون چاند میڈیا ہیڈ ، وسیم خان میڈیا مینجر اور کامران ملک میڈیا کوارڈینیٹر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سوشل میڈیا ٹیم میں پیراسد کمال، ذیشان ناشراورشاہد ریاض کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر نئے منتخب ہونے والے عہدیدران نے تخیل کے اغراض و مقاصد کے حصول اور ادب کی ترقی و ترویج کے لئے اپنی تمام صلاحیتیوں کو بروئے کارلانے کا عزم کیا۔ کورکمیٹی نے سبکدوش ہونے والے عہدیداران اورمجلس عاملہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے نئی منتخب مجلس عاملہ اورعہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ اگلے اجلاس میں آئندہ تین سال کے ادبی پروگرامز کا خاکہ تیار کر کے انتظامی کمیٹی کی رہنمائی کے لئے پیش کرے۔ اجلاس کے آخرمیں تخیل کے آئین کو تکمیلی شکل دے کر نافذ العمل کیا گیا۔