پشاور:خیبرپختونخوا ( کے پی کے ) کی حکومت نے مستحق لڑکیوں کی شادی کے لیے آسانی کردی، صوبائی حکومت نے شادی کرنیوالی مستحق لڑکیوں کو 2 لاکھ روپے دینےکا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئرکا اجلاس منعقد ہوا، جس میں زکوٰۃ اور جہیز فنڈز کے استعمال کے علاوہ دیگر فلاحی اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے کی زیر صدار ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہیز فنڈز سے صوبے کی 4 ہزار سے زائد مستحق لڑکیوں کی شادیاں کروائی جائیں گی، شادیوں کی اجتماعی تقریبات صوبائی حکومت کے خرچے پر منعقد کی جائیں گی، شادی کرنے والی مستحق لڑکیوں کو 2، 2 لاکھ روپے نقد بھی دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جہیز فنڈز کے تحت شادیوں میں اس بات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائےکہ حق صرف حقدار کو ملے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پراجتماعی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔