پاراچنار واقعہ: کراچی کے  10 سے زائد مقامات پر دھرنے، سندھ حکومت  کی ختم کرنے کی اپیل

178

کراچی:خیبرپختونخوا (کے پی کے ) کے ضلع کرم کے علاقے پارا چنار واقعے کے خلاف کراچی کے  10 سے زائد مقامات پر دھرنے جاری ہیں،سندھ حکومت نے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ برادری شہریوں کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے دھرنا ختم کردیں یا پھر دھرنا کسی گراؤنڈ یا کراچی پریس کلب کے باہر دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے  کراچی کے مختلف مقاماپر پر جاری دھرنے کے باعث عوام  کومشکلات کا سامنا ہونے پر شیعہ علماسے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ کرم پر ہر انسان اشک بار ہے لیکن کراچی میں مختلف مقامات پر دھرنوں کے باعث عوام اور ایمبولنسیز کو کافی پریشانی کا سامنا ہے، میری شیعہ برادری کے علماء سے اپیل ہے کہ جرگہ ہونے کے بعد دھرنا ختم کردیں یا پھر دھرنا کسی گراؤنڈ یا کراچی پریس کلب کے باہر دیں، انتظامات ہم کروادیں گے۔

خیال رہےکہ گزشتہ چار روز سے کراچی کےمختلف مقامات پر دھرنے کے باعث سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے، شارع فیصل پر ناتھا خان کے مقام پر بھی دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ڈرگ روڈ کے پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال ہے جبکہ شہر میں گیارہ مقامات پر اہم سڑکیں بند ہیں، جس میں یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے مقام پر،عائشہ منزل اور انچولی کے مقام پر دھرنے جاری ہیں۔ گلبہار، گلستان جوہر کی کامران چورنگی، نارتھ ناظم آباد کی فائیو اسٹار چورنگی، نارتھ کراچی کی پاور ہاؤس چورنگی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی دھرنے جاری ہیں، جس کی وجہ سے شہر بھر میں ٹر ٹریفک کا دباؤ ہے۔