اسلام آباد:رجسٹریش بل میں ہے کیا؟نوٹی فکیشن جاری ہوتے ہی تفصیلات سامنے آگئیں، بل پر صدر مملکت کے دستخط کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہےکہ دینی مدارس ترمیمی بل 2024 گزٹ آف پاکستان میں باقاعدہ طور پر شائع کردیاہے، سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل ایکٹ کے مطابق جو مدارس سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے نفاذ سے پہلے قائم ہوئے وہ 6 ماہ میں رجسٹریشن کروائیں اور جو دینی مدارس اس بل کے بعد قائم ہوئے وہ ایک سال میں رجسٹریشن کروانے کے پابند ہیں۔
بل کے متن کے مطابق ہر مدرسہ اپنے حسابات کا آڈٹ کروا کر رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کروائے گا، کوئی بھی مدرسہ شدت پسندی اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد شائع کرے گا اور نہ پڑھائے گا۔
نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ جن دینی مدارس کے ایک سے زیادہ کیمپس ہیں انہیں صرف ایک رجسٹریشن کی ضرورت ہوگی، ہر دینی مدرسہ اپنی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ رجسٹرار کو جمع کروائے گا۔