نئی دہلی: بھارت میں ایک شادی کی تقریب میں دلچسپ واقعہ پیش آیا، جس میں کھانا دیر سے ملنے (یا کھلنے) پر بارات واپس چلی گئی اور دلہا نے کسی اور سے شادی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع چندولی میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب دلہا کھانا کھولنے میں تاخیر پر بارات واپس لے آیا اور دوسری لڑکی سے شادی کر لی۔
یہ واقعہ گاؤں حامد پور میں پیش آیا، جہاں دولہا مہتاب اور دلہن کے درمیان 7ماہ پہلے شادی طے پائی تھی۔
22 دسمبر کو شادی کی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ جاری تھیں اور دلہن کے اہل خانہ نے باراتیوں کا استقبال مٹھائی سے کیا، اس کے بعد کھانا پیش کرنے کی تیاریاں کی گئیں، تاہم دلہا کے ایک رشتے دار نے کھانا دیر سے پیش کرنے پر احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں باراتی دلہن کے خاندان پر الزام لگاتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔
اس ناخوشگوار واقعے کے بعد دلہا نے اسی رات اپنی ایک رشتہ دار سے شادی کر لی، جس پر دلہن کے خاندان پر یہ خبر بجلی بن کر گری اور انہوں نے پولیس اسٹیشن جا کر شکایت درج کرائی۔
دلہن کے اہل خانہ نے 7 لاکھ روپے کے مالی نقصان کا دعویٰ کیا، جس میں 1.5 لاکھ روپے کی جہیز کی رقم بھی شامل ہے۔ دلہن والوں نے دلہا کے 5گھر والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔