پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا( کے پی کے ) بیرسٹر محمد علی سیف کاکہنا ہے کہ کوہاٹ میں کرم تنازعے کے حل کے لیے دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا، اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
صوبائی مشیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ ایک صدی سے زائد پرانے تنازعے کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے ہم پرعزم ہے، اسی حوالے سے وزیرِ اعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور نے امدادی کارروائیوں کیلیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، جس کے ذریعے ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ خیال رہےکہ چند روز قبل پارہ چنار میں نامعلوم افراد نے مسافر گاڑیوں میں گھس کرفائرنگ سے 44افراد کو جاں بحق کردیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں مختلف مقامات پر شیعہ برادری کی جانب سے دھرنے دینے کا سلسلہ جاری ہے۔