پی ٹی آئی کو اپنی غلطیاں تسلیم کرنی چاہییں‘ رانا ثنا

97

لاہور(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مذاکرات سے قبل پی ٹی آئی کو اپنی غلطیاں تسلیم کرنی چاہییں،موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے سیاستدانوں کے درمیان مذاکرات کو ہی واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پورے خلوص سے مذاکرات کی کامیابی کی خواہاں ہے تاہم مذکرات سے قبل اپنی غلطیوں اور کو تاہیوں کا اعتراف
ضروری ہے،اگر نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان مذاکراتی ٹیم میں کردار ادا کریں تو70سال کے مسائل70دن میں حاصل ہو سکتے ہیں ۔ خواجہ رفیق کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک کی موجودہ صورتحال کی وجہ عدم برداشت کا رویہ ہے ۔ عدم برداشت ہماری سیاست کے لیے انتہائی سخت نقصان دہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست قربان کر کے ملک کو ڈیفالت سے بچایا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تحریک عدم اعتماد سے قبل پٹرولیم کی قیمتوں میں کم کر کے ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی طرف آخری دھکا دیا تھا ۔ انہوں نے میثاق جمہوریت سے قبل پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے نے اپنی اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا تھا تب معاملات آگے بڑھے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جھوٹے مقدمات کا واویلا کرنے والے بانی پی ٹی آئی کو اپنے دور میں تو یاد نہ آیا کہ وہ ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ن لیگ کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین صرف اداکار ہیں ، ہدایتکار اور پروڈیوسر خواجہ سعد رفیق ہیں، یہ لوگ اپنا سچ منوانے سے پہلے ہمارے سچ کو بھی تسلیم کر لیں نہیں تو اظہار افسوس ہی کر لیں ۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے یہ الفاظ ہیں کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے لیکن 26 نومبر سے پہلے جن کی طرف سے یہ جواب آنا چاہیے تھا نہیں آیا نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ میری 40 سالہ سیاست کا نچوڑ یہ ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سب سر جوڑ کر بیٹھیں، اختلافات کے خاتمے کے لیے گولی اور دوسروں کے گھروں کو آگ نہیں لگائی جاتی۔