پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے کارکنوں کو ملٹری کورٹس سے ملنے والی سزاؤں کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، انصاف لائرز فورم کے صدر قاضی انور ایڈووکیٹ کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وکلا 9 مئی واقعات کے
بعد پکڑے جانے والے ورکرز کی سزائیں کالعدم قرار دینے کیلیے اپیلیں دائر کریں گے۔ اس حوالے سے وڈیو پیغام میں علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سویلینز کا ملٹری ٹرائل غیر قانونی ہے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف غیرقانونی اور من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں جس سے پوری قوم واقف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب کئی ورکرز کے ٹرائل ملٹری کورٹس میں کرکے انہیں سزائیں دی گئی ہیں جس کے خلاف قانونی راستہ اپنائیں گے۔ ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں تیار کررہے ہیں جو جلد پشاورہائی کورٹ میں جمع کی جائیں گی۔ علی زمان ایڈووکیٹ نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ ہمیں انصاف دے گی اور سزایافتہ ملزمان کو سننے اور انہیں صاف وشفاف ٹرائل کا موقع فراہم کرے گی اور ان سزاؤں کو کالعدم قراردے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جتنے لیڈرز اور ورکرز کو گرفتار کیا گیا ہے، انہیں وکلا مفت قانونی امداد فراہم کر رہے ہیں۔