6آئی پی پی پز سے معاہدے ختم کرنے جارہے ہیں،بجلی مزید سستی ہوگی،وزیر توانائی

70
اسلام آباد: وزیر توانائی اویس لغاری پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ 6 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے جارہے ہیں‘ بجلی مزید سستی ہوگی، فروری 2025ء تک توانائی کے شعبہ کے بہت سے منصوبوں پر عمل درآمد ہو جائے گا، مارچ2025ء میں بجلی کی خرید و فروخت حکومت کی ذمے داری نہیں ہوگی ، تونائی بحران سے نمٹنے کے بعد عوام تک ثمرات پہنچانا ہماری ذمے داری ہے ،توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، بجلی
کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، حکومت صنعتی شعبہ کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ۔ آئندہ گرمیوں سے قبل بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی لانے کے لیے پر عزم ہیں ۔ اگلے 4 سال میں توانائی کے شعبے کو مکمل طور پر بحران سے نکالنے کے خواہاں ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم ملک کے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ ماہ جون سے اب تک بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، بجلی کے ترسیلی نظام میں خامیاں دور کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈ سٹری کو وزارت توانائی ترجیحی بنیاد پر سہولیات فراہم کر رہی ہے ، بجلی کی خرید و فروخت کے لیے کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالف بانی پی ٹی آئی نے عدم استحکام پیدا کیا ۔انہوں نے حرام خوروں کے کہنے پر آئی پی پیز کو چھوٹ دی، ہم نے 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کیے ، دیگر کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایما پر سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ترسیلی نظام کی ری اسٹریچرنگ کی منظوری دی ۔ خود مختار آ پریٹنگ نظام لا چکے۔ انہوں نے کہاکہ رحیم یار خان مٹیاری منصوبہ آئندہ2 سال میں مکمل ہو جائے گا، ہم ای وی کے بھی پھیلائو کی طرف جارہے ہیں ، پاور سیکٹر کے قرضو ں کو وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر ری اسٹریکچر کر رہے ہیں، 100،50 ارب روپے بجلی شعبے میں سبسڈی کم کی ہے، ہم اگر پی ٹی آئی کے فارمولوں پر چلتے تو آئندہ 10 سال تک عوام کو سستی بجلی میسر نہ آتی جبکہ ابھی تمام صارفین کا اوسطاً بل نیچے آیا ہے ۔