ٹنڈوجام ،رواں سال 1500 افراد سگ گزیدگی کا شکار،2 کی ہلاکت

136

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) سال 2024 میں 1500 افراد کتوں کے کاٹنے کا شکار ہوئے، 2 افراد کی ہلاکت ہوئی، رورل ہیلتھ سینٹر میں کتے کاٹنے کے انجکشن نہ ملنے کی شکایت رہی۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوجام اور اس کے گردونواح میں سال 2024 میں کتوں کے کاٹنے بہت زیادہ واقعات ہوئے، جن میں رورل ہیلتھ سینٹر میں تقریباً 1589 خواتین اور بچوں کو کتوں کے کاٹنے کے واقعات درج ہوئے۔ رورل ہیلتھ سینٹر کے ریکارڑ کے مطابق جنوری میں 146، فروری میں 183، مارچ میں 142، اپریل میں 126، مئی میں 150، جون میں 105، جولائی میں 97، اگست میں 147، ستمبر میں 137، اکتوبر میں 130، نومبر میں 118، دسمبر میں 109 کتے کے کاٹنے کے واقعات درج ہو چکے ہیں، ان افراد کو ہیلتھ سینٹر سے ویکسین لگائی گئی، اس کے علاوہ بھی بہت سے ایسے واقعات ہوئے جو درج نہیں ہو سکے، اس سال کتوں سے کاٹنے کے واقعات زیادہ رہے، رورل ہیلتھ سینٹر کو تعلقہ درجہ نہ ملنے کی وجہ سے ویکسین نہ ملنے کی شکایت بھی عام رہی، جبکہ کتے سے کاٹنے اور وقت پر علاج نہ ہونے کی وجہ سے 2 ہلاکتیں بھی ہوئیں، ٹنڈوجام میں آوارہ کتوں کی تعداد اب بھی بہت زیادہ ہے اور اس میں خارش زدہ کتے بھی شامل ہیں۔ ٹنڈوجام کے سب سے بڑے اور تاریخی قبرستان نورہ شاہ بخاری میں بھی کتوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان اور فاتحہ کے لیے اکیلے جانے سے لوگ ڈرتے ہیں۔ عوام نے چیئرمین میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے وہ بیمار آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن کرکے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔