پیپلزپارٹی سندھی عوام کی جدوجہد کچلنا چاہتی ہے،سندھیانی تحریک

131

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) 6 نئے کینالوں کے خلاف سندھیانی تحریک کی زبردست عوامی بیداری مہم کے دوران سندھیانی تحریک کے مرکزی رہنما ایڈووکیٹ سورٹھ مگنھار، آمنت کیڑانو، افشین میمن نے گاؤں جام لغاری، میرواہ گورچانی، کوٹ غلام محمد، بچل خاصخیلی اور جھڈو سمیت مختلف دیہات کا دورہ کیا جہاں کارنر میٹنگز منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 نئے کینال سندھ کے خلاف سازش ہیں، کینال بنا کر سندھ کو بنجر بنانے کی سازش میں پیپلز پارٹی شریک جرم ہے، پیپلز پارٹی کے کچھ رہنما کہتے ہیں کہ کینال نہیں بنیں گے، جبکہ دوسرے کہتے ہیں کہ نواز لیگ نے کینال بنا کر معاہدے سے انحراف کیا ہے، پیپلز پارٹی اپنی سازشی پالیسی کے تحت ایسے گمراہ کن بیانات دے کر سندھی عوام کی جدوجہد کو کچلنا چاہتی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے دھوکے اور فراڈ کو مسترد کرتے ہوئے کینالوں کے خلاف پُر امن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے، پیپلز پارٹی اقتدار کے لالچ میں دریائے سندھ کو فروخت کر رہی ہے، سندھ کے عوام کو بیدار ہونا ہوگا اور پُرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے پنجاب سے پچھلی ڈیڑھ صدی کے پانی کا حساب لینا ہوگا، پنجاب کے حکمران پچھلی ڈیڑھ صدی سے سندھ کے پانی پر ڈاکے ڈالتے آ رہے ہیں، سندھ کا 90 فیصد سے زیادہ پانی پنجاب نے چرا لیا اور باقی بچے ہوئے پانی پر بھی ڈاکے ڈال رہا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے صدارتی نشست کے بدلے 6 نئے کینالوں کی منظوری دے کر سندھ کے ساتھ دھوکا اور غداری کی ہے۔