مٹیاری (نمائندہ جسارت) شہر میں موجود تحصیل اسپتال کے تمام شعبے ڈی ایچ کیو منتقل، شہریوں کے لیے مشکلات، ڈی ایچ کیو اسپتال شہر سے 2 کلومیٹر دور ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ہیڈ کوارٹر شہر میں موجود طبی سہولیات کے تحصیل اسپتال کی او پی ڈی، ای پی آئی اور گائنی وارڈ سمیت مختلف ٹیسٹ کے لیے موجود لیبارٹری بند کرکے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئیں، جس کے نتیجے میں مٹیاری شہر اور نواحی دیہاتوں سے آنے والے مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات مکمل طور پر بند ہو گئیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی تحصیل اسپتال کو ڈی ایچ کیو میں منتقل کیے جانے کے خلاف مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے احتجاج کیا تھا، تاہم اس وقت اس عمل کو فی الحال روک دیا گیا تھا، جبکہ اب خاموشی سے اسپتال کے سارے شعبے بند کرکے ڈی ایچ کیو منتقل کر دیے گئے اور غریب لوگوں سے صحت کی سہولیات چھین لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ با اثر ڈاکٹر تحصیل اسپتال کی خالی عمارت پر قبضہ کرکے اس میں اپنا نجی میڈیکل سینٹر کھولنا چاہتا ہے جس میں اسے مٹیاری کے ایک منتخب نمائندے کی مدد حاصل ہے۔ سول سوسائٹی نے وزیر اعلیٰ، وزیر صحت، چیف سیکرٹری اور کمشنر حیدرآباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔