راولپنڈی: کار سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی

142

راولپنڈی (اے پی پی) تھانہ کینٹ کے علاقے میں رات گئے کار سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشکوک گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک فائر کانسٹیبل عقیل کی چھاتی پر لگا جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا، پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا تو ملزمان نے گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں بین الاضلاعی کار لفٹر ہلاک جبکہ دوسرا فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا، ملزمان سے برآمد ہونے والی کار چند روز قبل کراچی کمپنی، اسلام آباد سے چرائی گئی تھی۔ ہلاک ملزم کی شناخت اسد کے نام سے ہوئی جو جڑواں شہروں اور اٹک کے کار چوری کے درجنوں مقدمات میں ملوث تھا جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچنگ جاری ہے۔ ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے کینٹ پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف ہے، شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔