فیصل آباد (جسارت نیوز) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ، سیکرٹری یاسر اقبال کھارا ایڈووکیٹ نے معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پیش آ نا قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان ہے، جب تک ان درندوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں، معاشرہ ایسے جرائم اور مجرموں سے پاک نہیں ہوسکتا۔ اگر ملک میں شرعی سزائیں نافذ ہوتیں تو آج قوم کو معصوم اور کمسن بچوں اور بچیوں کی لاشیں نہ اُٹھانا پڑتیں، اسلامی سزائوں پر پھبتیاں کسنے اور انہیں ظالمانہ قرار دینے والوں نے قوم کو موجودہ صورتحال سے دوچار کیا ہے، مغربی اور سیکولر نظام کے پیروکار ملک میں فحاشی، عریانی اور بے حیائی پھیلانے کے ذمہ دار ہیں جس کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑے ہیں، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات سے دوری کے نتیجے میں معاشرہ بے راہ روی کی جانب چل پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 2 سال میں 15 ہزار خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ مجرمان کی اکثریت قانون کی گرفت سے باہر ہیں، اس کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی شرمناک ہے، حکومت صرف قانون بناتی ہے لیکن اس پر عملدر آمد نہیں کرواتی۔