بھاری ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود سہولیات اور مراعات سے محروم ہیں، سکھر اسمال ٹریڈرز

148

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، جنرل سیکرٹری محمد عامر فاروقی نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل حل کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، تاجر برادری معیشت کی ترقی، خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاجروں کے دیے ہوئے ٹیکس ہی سے ملکی نظام چلتا ہے لیکن بھاری ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بھی تاجر برادری سہولیات اور مراعات سے محروم ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں آئے روز کے اضافے نے صنعت و تجارت اور کاروبار کا بٹھا ہی بٹھا دیا، حکومت نے اپنے اقتدار کی حوس اور عیاشوں کی خاطر ملک کو بحرانوں کے دلدل میں دھکیل دیا، حکومت تاجر برادری پر جبری ٹیکس مسلط کرنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات کا خاتمہ، بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی اور تاجروں کی تجاویز پر آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف کرائے تاکہ صنعت و تجارت اور کاروبار کو فروغ دے کر ملک کو ترقی، خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران غریب آباد کے نومنتخب عہدیداران کی منعقدہ تقریب حلف برادری سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں حاجی محمد جاوید میمن نے انجمن تاجران غریب آباد کے نومنتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا اور انہیں منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔