اسلام آباد میں آج بہر صورت یکجہتی فلسطین ملین مارچ ہوگا،حکومت روڑے نہ اٹکائے ،حافظ نعیم الرحمن

112
اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد /لاہو ر (نمائندگان جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے آج جناح ایونیو نیو بلیو ایریا میں ہونے والے یکجہتی فلسطین ملین مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور اسلام آباد، راولپنڈی اور گردو نواح کے عوام سے اپیل کی کہ وہ فیمیلیز کے ہمراہ مارچ میں شرکت کرکے اہل غزہ کو پیغام دیں کہ مصائب اور پریشانیوں کے موجودہ حالات میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملین مارچ تاریخی ہوگا اور اس کے دوران وہ آئندہ کا لائحہ عمل بھی دیں گے۔ نائب امر میاں اسلم، ڈاکٹر عطا الرحمن، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور صدر تنظیم تاجران کاشف چودھری بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر جماعت نے حکومت و انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ مارچ کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش نہ کرے اور اگر ایساہوا تو حکومت نتائج کی ذمے دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے مارچ کی اجازت دی ہے تاہم ایک کیمپ کو اکھاڑا گیا اور بدنظمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان حالات میں دنیا کو یہ پیغام نہیں دینا چاہتے کہ فلسطین کے مسئلے پر حکومت اور عوام میں
تفریق ہے، لہٰذا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امریکی و اسرائیلی پریشر پر ملین مارچ کے راستے میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں بلکہ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ حکومت کو توچاہیے کہ اسلامی ممالک کے سربراہان کی کانفرنس بلائے اور غزہ کے باسیوں کی عملی مدد کا راستہ نکالے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فلسطین پر عوام اور حکومت کو یکجا کرنے کے لیے کاوشیں کی ہیں اور ہماری تجویز پر حکومت نے اے پی سی بلائی تھی۔امیر جماعت نے کہا کہ سخت سردی میں فلسطینی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں اور اوپر سے اسرائیل کی مسلسل بمباری بھی جاری ہے۔ اب تک 46 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، ہزاروں ملبے تلے دفن ہیں۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے اور اسے امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے۔ امریکا کو اسرائیل کی نسل کشی دکھائی نہیں دیتی اور وہ پاکستان کے میزائل پروگرام کے پیچھے پڑا ہے۔ ہیروشیمااور ناگاساکی پر ایٹم بم گرانے والا امریکا آج پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے پیچھے پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کی حکومتیں امریکا سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اہل فلسطین کی مددکریں۔