لاہور (آن لائن) مدرسے کے 3 طلبہ کو یونان بھجوانے کا جھانسا دے کر اغوا کرنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی۔ بادامی باغ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا کے مقدمے میں مطلوب 3بچے بازیاب کروا لیے۔ قبل ازیں بچوں کے گھر نہ پہنچے پر والد نے اپنے بیٹے سمیت بھتیجوں کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ترجمان پولیس کے مطابق بچے
ذاکر،حمزہ اور عمیر نجی مدرسے میں دینی تعلیم حاصل کر رہے تھے،جنہیں ملزم عثمان نے ورغلا کر کراچی والی بس میں بٹھا دیا اور ان سے ان کا موبائل فون لے کر اس کی سم توڑ دی تاکہ گھر سے رابطہ نہ ہو سکے۔ملزم عثمان بچوں کو یونان بھجوانے کا جھانسا دے کر اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اغوا کرنا چاہتا تھا۔پولیس حکام کے مطابق بچوں کی بازیابی کے لیے فوری ٹیم تشکیل دی گئی۔ بادامی باغ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مدرسے کے چوکیدار عثمان کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں ملزم کی نشان دہی پر بچوں کو بازیاب کر کے بحفاظت والدین کے سپرد کیا گیا۔گرفتار ملزم کو پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
یونان