کراچی(اسٹاف رپورٹر ) صدر میں گھڑیالی بلڈنگ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، عمارت سے 5 افراد کو باحفاظت نکالا گیا۔چیف فائر آفیسر کے ایم سی ہمایوں خان نے بتایا کہ پریڈی تھانے کی حدود صدر ایمپریس مارکیٹ کے نزدیک نعمان پلازہ بلڈنگ کے تیسرے فلور تک پہنچ گئی آگ لگنے کی اطلاع پر صدر فائر اسٹیشن سے ایک فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گیا تاہم آگ نے تیزی سے تیسری منزل سے پھیل کر چوتھے اور پانچویں فلور کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس صورتحال پر 4 فائر ٹینڈر، ایک باوزر اور ایک اسنار کل طلب کی گئیں جو متاثرہ مقام پر پہنچ گئیں اور اسنار کل کی مدد سے آگ بجھانے کے عمل میں تیزی لائی گئی۔آگ کی اطلاع پرایمولیسنز، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ ایمپریس مارکیٹ کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت میں گارمنٹس، چمڑے کی اشیاء اور گھڑیوں کی متعدد دکانیں ہیں۔فائر بریگیڈ حکام نے میڈیا کو بتایا کہ فائر بریگیڈ کی5گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ر ہیں، اس کے علاوہ اسنارکل بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ۔عمارت میں کسی بھی شخص کے موجود ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔