کراچی(اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات وواقعات میں خوتین سمیت 6افراد جاںبحق ہوگئے ، دیگر واقعا ت میں 4افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق بریگیڈ تھانے کی حدودجٹ لائن بھنگی پاڑہ گلی نمبر 5 میں گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔مقتول کی شناخت 32سالہ روی گوئل ولد جگدیش کے نام سے کی گئی،پولیس کو دیے گئے بیان میں مقتول کے والد نے بتایا کہ مقتول روی گوئل جگدیش گھر میں دروازہ کھول کر داخل ہوا اور گر گیا، جگدیش کا بھائی اسے اسپتال لے کر گیا تو معلوم ہوا کہ جگدیش کو دل پر گولی لگی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ پْراسرار ہے کہ مقتول کو گولی کیسے لگی؟ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کے مطابق گولی کی آواز آئی تھی۔پولیس نے پْراسرار قتل کے واقع سے متعلق تفتیش شروع کردیا ہے اور قتل کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سہراب گوٹھ میں دس روز قبل ٹریفک حادثہ میں نور خان زخمی ہوگیا تھا تاہم آج اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے سپر د کر دیا گیا ۔ پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن میں 25 سالہ شگفتہ آگ میں جھلس گئی تھی آج سول اسپتال برنس وارڈ میں دوران علاج دم توڑ گئی۔ متوفیہ کی لاش کو قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے سپر د کر دیا گیا ۔محمودآباد مروت پارک جامع مسجد اقصیٰ کے قریب گھر سے 50سالہ سلطان زری دختر نواب علی نامی خاتون کی لاش ملی ، متوفی کی لاش کو پسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔ عزیز آباد مکان نمبر 1715 بلاک 2 70 سالہ منیر احمد شیخ کی دو ہفتہ دن پرانی لاش ملی، متوفی کی لاش کو قانونی کاروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا،پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی غیر شادی شدہ اور اسٹیل مل کا ریٹائرڈ ملازم تھا ،تنہا رہائش پذیر تھا۔ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔منگھوپیر تھانے کی حدود بائیکو پیٹرول پمپ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ راہگیر جابحق ہوگیا ۔ متوفی لاش کو متعلقہ تھانے سے ضابطہ کی کاروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا گیا ۔ دوسری جانب سپر ہائی وے براق پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے 24سالہ عون علی ولد شاہد حسین نامی شخص زخمی ہوگیا ، زخمی کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ سپرہائی وے سبزی منڈی یو ٹرن کے قریب فائرنگ سے 25سالہ فرمان علی ولد ایوب نامی شخص زخمی ہوگیا ۔زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ سائٹ سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ افغانی مدرسے کے قریب فائرنگ سے 34سالہ گل بانو زوجہ سلطان یوسف خاتون شدید زخمی ہوگیا ۔زخمی ہونے والی خاتون کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ، جہاں زخمی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب فائرنگ سے 30سالہ اصغر ولد منور گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ۔ زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔