اسٹیبلشمنٹ مذاکراتی ٹیم کو سہولت بھی فراہم کررہی ہے، شیر افضل

122

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے کئی بار مذاکرات ہوئے، اسٹیبلشمنٹ مذاکراتی ٹیم کو سہولت بھی فراہم کررہی ہے۔ نجی چینل کے ساتھ‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ سیاسی دہشت گردی کیاہوتی ہے؟ 26 نومبر کو ہمیں مارا گیا، 26 نومبر کو کیاہوا سب جانتے ہیں، ہمیں سیاسی دہشت گرد قرار دیا جارہاہے، موجودہ وقت ایسے بیانات کا نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بہت سارے عناصر ہیں جو نہیں چاہتے کہ توپوں کا رخ اداروں کی طرف ہو،
ہماری کوشش ہے کہ اداروں کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھا جا ئے۔ان کا کہنا تھاکہ مذاکرات کا عمل خوش آئند ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ان بیانات سے مذاکرات پر کوئی اثر پڑنا چاہیے، باہر بیٹھے بعض لوگ ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں، بہت سے لوگ پی ٹی آئی کی صف میں شامل ہوکر گالم گلوچ کرتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی ایسے عناصر سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے۔شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ ان لوگوں کے بیانات کی قیمت پاکستان میں موجود پی ٹی آئی کے لوگوں کو چکانی پڑتی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیزیں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں، ہوش کے ناخن نہ لیے، معیشت کو درست سمت گامزن نہ کیا تو سب اکٹھے کھائی میں گریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے کئی بار مذاکرات ہوئے، اسٹیبلشمنٹ مذاکراتی ٹیم کو سہولت بھی فراہم کررہی ہے، مذاکرات کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی بہت مثبت ہیں۔