وزیراعظم کا بجلی چوری اور اووربلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا حکم

131

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی چوری کے خاتمے اور اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں لیسکو، پیسکو، اور فیسکو کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بجلی چوری روکنے اور بلنگ کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اووربلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے مسائل حل ہوں اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بجلی چوری کے مسئلے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس کے خاتمے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر مزید بہتری لانے کی ہدایت دی۔وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کے عمل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے یہ عمل جلد مکمل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی مکمل شفافیت کے ساتھ میرٹ پر کی جائے گی۔ انہوں نے تاکید کی کہ نیپرا کے طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں۔

وزیراعظم نے اجلاس کے اختتام پر واضح کیا کہ بجلی چوری، اووربلنگ، اور دیگر مسائل کے حل کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔