سینچورین میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جہاں جنوبی افریقا نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 27 رنز بنا لیے ہیں۔
میچ کے تیسرے روز کا کھیل بارش کی وجہ سے کچھ تاخیر کا شکار رہا۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے تیسرے دن کا آغاز 88 رنز اور 3 وکٹوں کے نقصان پر کیا۔ 153 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ محمد رضوان 3، سلمان آغا 1، عام جمال 18، نسیم شاہ 0، سعود شکیل 84 اور محمد عباس 0 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے بولرز کی جانب سے مارکو جینسن نے 6، کیگیسو رباڈا نے 2 جبکہ ڈین پیٹرسن اور کوبن بوش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 3وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز بنائے ہیں، جہاں ایڈن مارکرم 22 اور کپتان ٹیمبا بووما 1 رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 2 جبکہ خرم شہزاد نے 1 وکٹ حاصل کی۔