پاکستانی سیکورٹی فورسز نے سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک یا زخمی کر دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی شب تقریباً 25 دہشت گردوں نے افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں کا استعمال کرتے ہوئے کرم اور شمالی وزیرستان کے 2مختلف مقامات سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی۔ پاکستانی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
28 دسمبر کی صبح دوبارہ ان دہشت گردوں (خوارج) نے افغان طالبان کی مدد سے پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی اور ناکامی پر مل کر پاکستانی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔
پاکستانی فورسز نے اس حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق، افغانستان کی طرف بھاری جانی نقصان ہوا ہے، جس میں 15 سے زائد دہشت گرد اور افغان طالبان مارے گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
موثر کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان اپنی 6 سرحدی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان میں مزید نقصانات کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔
پاکستانی فورسز نے شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا جبکہ اپنی طرف کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، صرف 3جوان معمولی زخمی ہوئے۔