کراچی:پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سندھ کے علاقے سجاول میں شاہ بندر بلاک سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
اس کامیابی کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کی گئی ہیں، جہاں یہ بتایا گیا کہ دریافت ہونے والے ذخائر سے قدرتی گیس اور ہلکا تیل حاصل ہو رہا ہے۔
شاہ بندر بلاک میں جھم ایسٹ ایکس-ون نامی کنوئیں سے یومیہ 10 ایم ایم ایس سی ایف ڈی (ملین مکعب فٹ روزانہ) گیس مل رہی ہے، جبکہ اسی کنوئیں سے یومیہ 150 بیرل ہلکے تیل کے ذخائر بھی دستیاب ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ان ذخائر کا پریشر 2800 پاؤنڈ فی مربع انچ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
قدرتی گیس کو شاہ بندر فیلڈ سے قریبی سجاول پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے سوئی سدرن گیس سسٹم میں شامل کیا جا رہا ہے، جس سے توانائی کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئے گی۔
شاہ بندر بلاک کے منصوبے میں پی پی ایل کا 63 فیصد، ماری پیٹرولیم کا 32 فیصد حصہ ہے، جبکہ سندھ انرجی ہولڈنگ اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ دونوں کا 2.5 فیصد شیئر شامل ہے۔
یہ دریافت توانائی کے شعبے میں ایک امید افزا قدم ہے، جس سے نہ صرف معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ مقامی اور قومی سطح پر توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔