لاڑکانہ: جے یو آئی کے وفد نے صدر مملکت آصف زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے، جس میں مدارس بل سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق لاڑکانہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے نیو ڈیرو ہاؤس میں ملاقات کی۔
اہم ملاقات میں مدارس بل، صوبے کی امن و امان کی صورتحال، ملکی اور علاقائی سیاسی حالات سمیت دیگر موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر جے یو آئی ضلع لاڑکانہ کے امیر مولانا ناصر محمود سومرو اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمن کے خدشات کو دور کرنے اور مدارس رجسٹریشن بل کے حوالے سے جلد اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
مولانا راشد محمود سومرو نے سندھ میں امن و امان کی بدترین صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے سندھ حکومت اور پولیس کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔