آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران سابق بھارتی کرکٹر و کپتان سنیل گواسکر رشبھ پنت کے آؤٹ ہونے پر شدید غصے میں آگئے۔
میلبرن میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے خلاف رشبھ پنت کے آؤٹ ہونے پر سنیل گواسکر پھٹ پڑے اور کمنٹری کے دوران اپنی بھڑاس نکال دی۔
کھانے کے وقفے کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر بار بار رشبھ پنت کو احمق احمق کہتے رہے۔
سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ رشبھ پنت نے اپنی وکٹ خود دی ہے، آپ کے پاس وہاں دو فیلڈرز ہیں، اور آپ اب بھی اس شاٹ کو کھیلنےکی کوشش کررہے ہیں، آپ کو صورتِ حال سمجھنی چاہیے تھی، آپ بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں نہیں، کسی اور کے ڈریسنگ روم میں جائیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں رشبھ پنت 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔