بار کے سالانہ انتخابات کا شیڈول جاری نہ کیا جاسکا ،وکلاء بے چین

97

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ماہِ دسمبر کا اختتام ہے لیکن تاحال حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی موجودہ باڈی یا سندھ بار کونسل کی جانب سے بار کے سالانہ انتخابات برائے سال 2025 کا شیڈول جاری نہ کیے جانے کے باعث حیدرآباد کی وکلاء برادری میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے، پاکستان لیگل پریکٹیشنر اینڈ بار کونسل رول 175-G کے مطابق سندھ میں تمام ڈسٹرکٹ و تعلقہ بارز ایسوسی ایشن ماہِ دسمبر کے وسط تک انتخابات کروانے کے پابند ہیں جبکہ اسی اُصول کے تحت کراچی سمیت سندھ کی تقریباً تمام بار ایسوسی ایشنز سال 2025 کا انتخابی شیڈول جاری کر چکی ہیں لیکن حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تاحال انتخابی شیڈول جاری نہیں کیا جاسکا۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کے وکلاء کی بڑی تعداد پہلے ہی سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید اور انتخابی شیڈول کے اجراء کا مطالبہ کرتی نظر آرہی ہے، 2 روز قبل 80 کے قریب وکلاء نے اپنے دستخطوں سے حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور سندھ بار کونسل کی جانب سے انتخابی شیڈول کے عدم اجراء پر پاکستان بار کونسل کو تحریری درخواست ارسال کر دی ہے، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر وکلاء برادری کے پُر زور احتجاج پر موجودہ صدر حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضیاء الدین شیخ ایڈووکیٹ نے اپنے وضاحتی وائس نوٹ میں کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی شیڈول کا اجراء کرنا سندھ بار کا کام ہے، تاہم ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد کی جانب سے اس سلسلے میں پروپوزل پہلے ہی سندھ بار کونسل کو بھیجا جا چکا ہے۔ حیدرآباد کی وکلاء براری اس وقت بڑی شدت کے ساتھ سالانہ انتخابات کے وقت پر کروانے کا مطالبہ کرتی نظر آرہی ہے۔ دوسری جانب حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور سندھ بار انتخابات کے شیڈول کے اجراء کے ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹھراتی نظر آرہی ہیں۔ دوسری جانب انتخابات کے لیے بے قرار بعض وکلاء اُمیدواران کی جانب سے انتخابی شیڈول کے اجراء سے پہلے ہی اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور عدالتی احاطوں میں اُمیدواران کے رنگ بکھیرتے بڑے بڑے پینافلیکس دن بدن انتخابی ماحول کو خوش آمدید کہنے کے منتظر نظر آرہے ہیں۔