حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھی زبان کے بااختیار ادارے سندھی لینگویج اتھارٹی کی جانب سے اُردو بولنے والے افراد کو سندھی زبان سکھانے کے پروگرام کے تحت دوسرے بیج کے 3 ماہ کا کورس مکمل ہوگیا، یہ کورس سندھی زبان کے بنیادی و مہارت کے 4 اُصولوں کے تحت مرتب دیا گیا تھا، کورس کے دوران سننا، بولنا، لکھنا اور پڑھنے کی بھرپور سرگرمی کرائی گئی، کورس میں اُردو، پشتو اور پنجابی زبان بولنے والے مرد و خواتین نے حصہ لیا، 3 ماہ کے کورس کے دوران سندھی زبان کے نامور شاعر اُستاد اور ادیب ستار سروہی نے طلباء کی بھرپور رہنمائی اور سندھی زبان کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورس کا مقصد دیگر زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو سندھی زبان سککھانا تھا تاکہ وہ سندھی زبان سمجھ اور سندھی لکھنا، پڑھنا، بولنا کے حوالے سے مواد پڑھ اور لکھ سکیں۔ ستار سروہی کا کہنا تھا کہ کورس کا بنیادی مقصد سندھ میں بسنے والے سندھی اور اُردو بولنے والے افراد کے درمیان فاصلے ختم ہوں اور محبت پروان چڑھے، روا داری کے ایک نئے ماحول میں ڈھل کر معاشرے کی بہتری کے لیے کام کر سکیں۔ کورس کے دوران طلباء کو سندھی لینگویج اتھارٹی کا دورہ کرایا گیا اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہی دی گئی، کورس کے اختتام پر تمام طلباء نے سندھی لینگویج اتھارٹی انتظامیہ اور اُستاد ستار سروہی کا شکریہ ادا کیا، کیونکہ اس ادارے کی وجہ سے سندھی سیکھنے اور بہترین تربیت کا موقع میسر آیا، طلبہ کا کہنا تھا کہ کورس کے ذریعے ان کے علم وفھیم اور سندھی زبان کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہوا۔ ستار سروہی کا کہنا تھا کہ سندھی زبان سیکھنے کے نئے بیج کا آغاز یکم جنوری 2025 کے بعد کیا جائے گا۔ اس موقع پر کورس مکمل کرنے والے طلباء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے جائیں گے جبکہ کورس میں داخلے کے لیے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔