اسلام آباد (اے پی پی) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے مسلسل التوا کا شکار پبلک اکائونٹس کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو تیسرا خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 7 دنوں میں 4 ارکان کے ناموں پر مشتمل پینل نہ بھجوایا تو آئندہ ہفتے بہر صورت چیئرمین پی
اے سی کا انتخاب کرلیا جائے گا۔ جمعہ کو پارٹی میڈیا آفس کے مطابق ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے اپنے خط میں کہا ہے کہ یہ معاملہ مسلسل التوا کا شکار چلا آرہا ہے، اس لیے چیئرمین پی اے سی کا انتخاب آئندہ ہفتے بہر صورت کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ملک عامر ڈوگر سے کہا کہ پہلے 2 خطوط میں آپ سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کیلیے 4 ممبران کا پینل مانگا تھا۔ انہوں نے خط میں کہا کہ حکومت چیئرمین پی اے سی کا عہدہ اپوزیشن کو دینا چاہتی ہے تاکہ خود احتسابی کا عمل صاف و شفاف رہے، دس ماہ گزرنے کے باوجود اپوزیشن نے ابھی تک پینل نہیں بھجوایا۔